کراچی- بینک الفلاح اور ففتھ پلر فیملی تکافل لمیٹڈ کے درمیان حج سیونگ پلان کی پیشکش کے لیے معاہدہ پر دستخط ہوئے، جس کے ذریعے صارفین کو انتہائی سہولت اور آسانی کے ساتھ ایک مکمل اور مرتب نظام کے تحت، حج کی ادائیگی کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ یہ پراڈکٹ، ایسے مسلمانوں کے لیے ایک منظم بچت کے ذریعے منفرد اور جدید حل پیش کرتا ہے، جو اس مذہبی ذمہ داری سے سبکدوش ہونا اور مقدس سفر پر جانا چاہتے ہیں۔ یہ مکمل نظام ، ففتھ پلر فیملی تکافل اور اس کے اسپانسرز کی زیرِ نگرانی چل رہا ہے، جس کے ذریعے نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب میں قابلِ بھروسہ اور مستحکم خدمات کو یقینی بنایا جائے گا، بلکہ مخصوص ٹیمیں، اس مقدس سفر کے دوران حجاج کرام کی رہنمائی اور تعاون کے لیے ہمہ وقت موجود رہیں گے۔ اس معاہدہ پر، بینک الفلاح کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، جناب عاطف باجوہ صاحب اور ففتھ پلر فیملی تکافل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، جناب نصر الصمد قریشی صاحب کے درمیان دستخط ہوئے۔
دستخط کی یہ تقریب بینک الفلاح کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں بینک الفلاح کی رٹیل بینکنگ کی گروپ ہیڈ، محترمہ مہرین احمد صاحبہ، لائبلٹی پراڈکٹس، بینکااشورنس اینڈ انویسٹمنٹ سروسز کے ہیڈ، جناب ارقم بٹ صاحب اور ففتھ پلر فیملی تکافل کے چیف کمرشل آفیسر، جناب عاصم راجہ سمیت دونوں اداروں کے دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں ففتھ پلر ہولڈنگ کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر، جناب عبد العزیز جے۔ بورحمہ نے بھی شرکت کی، انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی نیابت میں اس تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر کویت سے کراچی کا سفر کیا۔ اس تقریب میں، بینک الفلاح اور ففتھ پلر فیملی تکافل نے مشترکہ طور پر منفرد حج سیونگ پلان کی تقسیم کے عزم کو دہرایا، جو نہ صرف مذہبی اہمیت کا حامل ہے، بلکہ حج کے مقدس سفر کی تیاری اور اس کے لیے بچت کا ایک مؤثر اور اپنی نوعیت کا پہلا پلان ہے۔
بینک الفلاح کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، جناب عاطف باجوہ صاحب نے اس اشتراک پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ: ’’بینک الفلاح میں ہم ایسے اشتراک پر یقین رکھتے ہیں، جو ہمارے صارفین کی اقدار سے مطابقت رکھتی ہو۔ ففتھ پلر فیملی تکافل کے ساتھ اشتراک کے ذریعے نہ صرف ہماری پراڈکٹس کے پورٹ فولیو میں وسعت آئی ہے، بلکہ ہمارے ان صارفین کی ضرورت کو بھی پورا کیا جاسکے گا، جو فریضۂ حج کی ادائیگی کے خواہشمند ہیں۔‘‘
بینک الفلاح رٹیل بینکنگ کی گروپ ہیڈ، محترمہ مہرین احمد صاحبہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ: ’’آج کا دن ہمارے لیے بڑا ہی مسرت اور خوشی کا دن ہے، کیونکہ بینک الفلاح نے اپنے صارفین کو جدید حج سیونگ پلان پیش کرنے کے لیے ففتھ پلر فیملی تکافل کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ اس اہم اقدام کے ذریعے، مقدس سفر کے خواہشمند صارفین کو ایک ہی چھت تلے تمام منفرد سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ادائیگیٔ حج کے لیے روایتی طریقۂ کار میں یا تو یکمشت رقم جمع کرنی ہوتی ہے، یا کوئی اثاثہ فروخت کرنا ہوتا ہے اور یا کبھی دوستوں اور رشتہ داروں سے قرض مان کر رقم اکٹھی کی جاتی ہے۔ یہ تمام طریقے نہ صرف مشکل ہیں، بلکہ ان میں وقت بھی زیادہ لگتا ہے اور اگر کبھی حالات سازگار نہ رہیں تو ان میں لچک بھی نہیں دی جاتی۔ جبکہ دوسری طرف، ففتھ پلر حج سیونگ پلان کے ذریعے آپ تھوڑا تھوڑا کرکے منظم طریقے سے بچت کرسکتے ہیں، یہ انفرادی خصوصیت اسے یقینی طور پر ایک بے مثال پراڈکٹ بناتی ہے۔‘‘
ففتھ پلر فیملی تکافل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، جناب نصر الصمد قریشی صاحب نے اس اشتراک کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار ان الفاظ میں کیا: ’’اس اسٹریٹجک اتحاد کی بدولت، ہم پاکستان بھر میں موجود بینک الفلاح کے صارفین کو حج سیونگ پلان پیش کررہے ہیں ، یہ پلان حج کے حوالے سے ایک مکمل اور مرتب نظام پیش کرتا ہے، جس کے ذریعے عازمینِ حج پاکستان اور سعودی عرب میں حج سمیت دیگر سہولیات سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔ ہم پُر عزم ہیں کہ دونوں اداروں کے درمیان اعتماد، شفافیت اور اتحاد پر قائم یہ رشتہ، مضبوط اور دیرپا ثابت ہوگا۔‘‘

